وزیراعظم شہباز شریف کو قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کا ٹیلی فون، امن کی جاری کوششوں کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے تمام فریقین کی طرف سے تعمیری روابط کی اہمیت پر زور

وزیراعظم شہباز شریف کو قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کا ٹیلی فون، امن کی جاری کوششوں کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے تمام فریقین کی طرف سے تعمیری روابط کی اہمیت پر زور

لاہور ۔10مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خطے میں امن کیلئے پاکستانی کوششوں کی مسلسل حمایت پر قطر کی قیادت کو سراہتے ہوئے ان کوششوں کی کامیابی کیلئے تمام فریقین کی طرف سے تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

اتوار کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں جاری امن کی کوششوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی گہرائی کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے امن اقدامات کے لیے قطر کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کو سراہا ۔

دونوں رہنمائوں نے امن کی جاری کوششوں کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام فریقین کی طرف سے تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو تہہ دل سے تہنیتی پیغام پہنچایا اور کہا کہ وہ امیر قطر کے آئندہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ ان کے دورے سے پاکستان اور قطر کی پائیدار شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسعت دینے میں مدد ملے گی۔