وفاقی محتسب کی عوامی شکایات کے فوری ازالے اور آئی آر ڈی پروگرام کو مؤثر بنانے کی ہدایت
وفاقی محتسب کی عوامی شکایات کے فوری ازالے اور آئی آر ڈی پروگرام کو مؤثر بنانے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے سرکاری افسران پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور شکایت کنندگان کے مسائل کے حل میں کوئی کسر نہ چھوڑیں، سرکاری ملازمین کے لئے عوام کی خدمت فرض بھی ہے اور عبادت بھی جبکہ وفاقی ادارے وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو فوری ریلیف مل سکے۔ترجمان کے مطابق یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر کے دورے کے دوران پشاور، سوات اور ایبٹ آباد کے علاقائی دفاتر کے افسران سے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے دیں۔
وفاقی محتسب نے اس موقع پر صوبائی محتسب مطاہر زیب سے بھی ملاقات کی جس میں عوامی شکایات کے ازالے، ادارہ جاتی تعاون اور انصاف تک رسائی بہتر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نوید کامران بلوچ نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ غریب اور پسماندہ طبقات کے لئے انصاف کی فراہمی کا ادارہ ہے اور 600 سے زائد وفاقی اداروں کے خلاف بدانتظامی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے بروقت حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وفاقی محتسب نے پشاور میں علاقائی دفتر کی تعمیر کے لئے مناسب اراضی کی نشاندہی کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے تنازعات کے غیر رسمی حل کے پروگرام آئی آر ڈی کو مزید فعال اور مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے اس پروگرام کو نئے انداز میں مرتب کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں وفاقی محتسب کو علاقائی دفاتر کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔








