چیئرمین سینیٹ کا بیلجیئم کے شاہی افراد کے اعزاز میں استقبالیہ،سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی
چیئرمین سینیٹ کا بیلجیئم کے شاہی افراد کے اعزاز میں استقبالیہ،سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی

مزید خبریں
اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بیلجیئم کے شہزادہ ایڈورڈ ڈی لائن لا ٹرموئیل اور شہزادی ازابیلا اورسینی ڈی لائن لا ٹرموئیل کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی ،رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی، رکن قومی اسمبلی علاؤ الدین جونیجو ،رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی ،ڈپٹی چیف آف مشن امریکا ٹو پاکستان نٹالی بیکر ،یورپ میں پاکستان ڈائسفورہ کے عامر شیخ اور دیگر اراکین پارلیمنٹ و سفارتکاروں نے شرکت کی۔
چیئرمین سینیٹ نے شاہی مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ بیلجیئم کے شاہی خاندان کی ممتاز شخصیات پاکستان تشریف لائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ محض سفارتی تعلقات کا اظہار نہیں بلکہ پاکستان اور بیلجیئم کے عوام کے درمیان دوستی، خیرسگالی اور باہمی احترام کی علامت ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بیلجیئم کے شاہی خاندان کو یورپ کے قدیم ترین اور باوقار شاہی خانوادوں میں شمار ہوتا ہے اور معزز مہمانوں کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور خیرسگالی کے پیغام کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، بیلجیئم کو یورپی یونین کے ایک قابل اعتماد دوست اور اہم شراکت دار کے طور پر انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے عوامی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام کے درمیان پائیدار تعلقات صرف معاہدوں اور اداروں سے نہیں بلکہ ثقافتی ہم آہنگی، ذاتی روابط اور بامقصد مکالمے سے استوار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہی وفد کا یہ دورہ باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی سفارتکاری کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے پاکستان کی قدیم تہذیب، ثقافتی تنوع اور مہمان نوازی کی روایات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ معزز مہمان پاکستان کے عوام کی محبت، خلوص اور گرمجوشی کو قریب سے محسوس کریں گے۔دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط اعتماد، تعمیری تعاون اور بین الاقوامی اشتراک پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تجارت، پارلیمانی روابط، تعلیم، ثقافت اور ترقیاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان اشتراک مسلسل فروغ پا رہا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور بیلجیئم جغرافیائی لحاظ سے ایک دوسرے سے دور ہیں، تاہم دونوں ممالک مکالمے، امن، جمہوری اقدار اور مشترکہ خوشحالی جیسے اصولوں پر یکساں یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت پاکستان کے لیے بیلجیئم کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان معاشی روابط کو مزید تقویت ملی ہے۔عالمی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، معاشی غیر یقینی صورتحال، امن اور سماجی ہم آہنگی جیسے مسائل اجتماعی دانش اور مضبوط عالمی تعاون کے متقاضی ہیں۔
انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی سفارتکاری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بیلجیئم کی پارلیمانوں کے درمیان روابط میں اضافے کا خیرمقدم کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات، دیرپا امن اور مزید گہرے تعاون کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔بیلجیئن شہزادے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے استقبالیہ پر شکریہ ادا کیا اور عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید ظاہر کی کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں وسیع عالمی تنازعات کو روکنے اور بین الاقوامی استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی







