حکومت شفاف اور سرمایہ کار دوست ماحول کے فروغ کے لیے پُرعزم ، طویل مدتی انویسٹمنٹ پر توجہ دے رہے ہیں، سینیٹر محمد اورنگزیب
حکومت شفاف اور سرمایہ کار دوست ماحول کے فروغ کے لیے پُرعزم ، طویل مدتی انویسٹمنٹ پر توجہ دے رہے ہیں، سینیٹر محمد اورنگزیب

مزید خبریں
اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ برائے خزانہ و محصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت شفاف، قابلِ پیش گوئی اور سرمایہ کار دوست ماحول کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے،توانائی، معدنیات، بنیادی ڈھانچہ، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فنانس جیسے شعبوں میں طویل المدتی سرمایہ کاری کے حصول پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
نہوں نے یہ بات بدھ کویہاں امریکا کے بیورو برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے اسسٹنٹ سیکرٹری ایس پال کپور سے ملاقات میں کہی۔
اس موقع پرپاکستان میں امریکا کی ناظم الامور نتالی بیکر بھی موجود تھیں۔ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، تجارتی تعلقات اور حکومت کے جاری اصلاحات کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد معاشی استحکام کو مضبوط اور ملک میں کاروباری و سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانا ہے۔
فریقین نے دوطرفہ اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی۔ وزیرخزانہ نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت شفاف، قابلِ پیش گوئی اور سرمایہ کار دوست ماحول کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے پاکستان کی جاری معاشی استحکام کی کوششوں، اصلاحات کے عمل میں پیش رفت اور مالیاتی پائیداری کو بہتر بنانے، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، ڈیجیٹلائزیشن کو تیز کرنے اور مالی شمولیت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔وزیرِ خزانہ نے اہم معاشی اشاریوں میں حالیہ مثبت رجحانات سے بھی آگاہ کیا جن میں ترسیلاتِ زر، بیرونی مالیاتی آمدن اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک دوبارہ رسائی شامل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت توانائی، معدنیات، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فنانس جیسے شعبوں میں طویل المدتی سرمایہ کاری کے حصول پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ایس پال کپور نے پاکستان کی جاری معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مسابقتی اور قابلِ اعتماد کاروباری ماحول انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے میں امریکا کی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں طویل المدتی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
امریکہ کی ناظم الامور نے امریکی کمپنیوں کے ساتھ حکومتِ پاکستان کے مسلسل رابطوں کو سراہا اور سرمایہ کار دوست کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو مثبت قرار دیا
۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں امریکی کاروباری اداروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مذاکرات میں امریکی کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کے مزید امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سازگار کاروباری ماحول اور سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان مسلسل رابطہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ امریکی وفد نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ فریقین نے پاکستان اور امریکا کے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ اقتصادی و ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے تعمیری روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔







