اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی نگرانی کرنے والے ادارے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر چلنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ مسلسل خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کو سیل بھی کیا جا سکتا …
غیر قانونی طور پر چلنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، پیرا

مزید خبریں
اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی نگرانی کرنے والے ادارے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر چلنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ مسلسل خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا ہے کہ طلبہ کے مستقبل، معیاری تعلیم اور صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون پر عملدرآمد سب کیلئے لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایسے تمام نجی تعلیمی اداروں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے جو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جائیں گے۔
پیرا نے نجی سکولوں کیلئے فیس سے متعلق نئے ضوابط بھی جاری کئے ہیں جن کے تحت کوئی بھی نجی سکول ایک ماہ سے زیادہ فیس پیشگی وصول نہیں کر سکے گا۔ اتھارٹی نے 12 ماہ کے تعلیمی سیشن سے زائد فیس وصولی کو مکمل طور پر ممنوع قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ والدین سے غیر قانونی فیس وصول کرنے والے اداروں کے خلاف جرمانے، خصوصی آڈٹ اور ادارہ سیل کرنے تک کی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ اتھارٹی نے طلبہ کی صحت کے تحفظ کیلئے ’’لائٹر سکول بیگز پالیسی‘‘ کے نفاذ کا بھی اعلان کیا ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق سکول بیگ کا وزن بچے کے جسمانی وزن کے 10 فیصد سے زیادہ نہیں ہوگا۔
حکام کے مطابق بھاری بستوں کے باعث بچوں میں کمر درد اور دیگر جسمانی مسائل بڑھ رہے ہیں جس کے پیش نظر نجی سکولوں کو غیر ضروری کتابوں اور اضافی تعلیمی بوجھ میں فوری کمی کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ مزید برآں والدین اور طلبہ کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے خصوصی شکایت سیل قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ چیئرمین پیرا نے کہا کہ طلبہ اور والدین کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور تعلیمی اداروں میں شفافیت، معیار اور طلبہ کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔







