جعلی ٹریڈنگ کال سینٹر بے نقاب، لاکھوں روپے کے فراڈ میں 3 خواتین سمیت 7 ملزمان گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی پنجاب کے ڈائریکٹر محمد علی وسیم کی ہدایات پر آن لائن مالی فراڈ میں ملوث ایک منظم گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے3 خواتین سمیت7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

لاہور۔14مئی (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی پنجاب کے ڈائریکٹر محمد علی وسیم کی ہدایات پر آن لائن مالی فراڈ میں ملوث ایک منظم گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے3 خواتین سمیت7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان ایک جعلی ٹریڈنگ کال سینٹر سے شہریوں کو واٹس ایپ اور موبائل فون کالز کے ذریعے سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر لوٹ رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق مقدمہ پیکا ایکٹ 2016 اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ شکایت کنندہ خرم اشفاق نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان نے اسے جعلی آن لائن ٹریڈنگ ایپلی کیشن میں سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر 27 لاکھ79 ہزار501 روپے ہتھیا لیے۔ حکام کے مطابق این سی سی آئی اے کی ٹیم نے ایک کال سینٹر پر چھاپہ مارا جہاں سے ملزمان جعلی سرمایہ کاری اور آن لائن ٹریڈنگ اسکیموں کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنا رہے تھے، گرفتار ملزمان کا تعلق لاہور، قصور اور فیصل آباد سے بتایا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے باقاعدہ کال سینٹر قائم کر رکھا تھا جہاں سے مختلف افراد شہریوں کو کالز کر کے جعلی ٹریڈنگ اور انویسٹمنٹ کے جال میں پھنساتے تھے ۔ ترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران9 موبائل فون،4 کمپیوٹر سسٹمز،415 جعلی ایکٹو سمز، 610 جعلی سلیکون تھمپس،56 اے ٹی ایم کارڈز اور 13 بائیومیٹرک ویری فکیشن ڈیوائسز برآمد کی گئیں۔