وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیرو گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،یہاں سڑکوں کی تعمیر، سولرائزیشن منصوبے اور دانش سکولز جیسے اقدامات جاری ہیں جو علاقے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں،وفاقی حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور “پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم” اسی …
گلگت بلتستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،انجنیئرامیرمقام

مزید خبریں
گلگت۔ 14 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیرو گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،یہاں سڑکوں کی تعمیر، سولرائزیشن منصوبے اور دانش سکولز جیسے اقدامات جاری ہیں جو علاقے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں،وفاقی حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور “پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم” اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد دے رہی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) ہنزہ کیمپس میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی انتظامیہ، طلبہ و طالبات اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
انہوں نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ہنزہ نے علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو مقامی سطح پر مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کی انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قلیل عرصے میں اس ادارے نے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ پاکستان کا نوجوان جدید تعلیم، تحقیق، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں اور اختراعی سوچ سے آراستہ ہو تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم اسی وژن کا عملی مظہر ہے، جس کے ذریعے ذہین اور محنتی طلبہ کو جدید علمی وسائل تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی محنت، قابلیت اور شاندار تعلیمی کارکردگی کا اعتراف ہے۔
وفاقی وزیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ لیپ ٹاپ کو علم، تحقیق، اختراع اور قومی خدمت کے مؤثر ذریعہ کے طور پر استعمال کریں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور وفاقی حکومت انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔امیرمقام نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کے نوجوانوں پر مرکوز اقدامات کو آگے بڑھانے میں ان کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں، دانش سکولز، قابلِ تجدید توانائی منصوبوں، سیف سٹی پراجیکٹس، نوجوانوں کے لیے کاروباری قرضہ سکیموں اور جدید تعلیمی سہولیات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ علاقائی صورتحال میں پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارتکاری، امن پسندی اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا میں ایک مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر اپنا مثبت کردار اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قومی قیادت کے ساتھ کھڑی ہے،معرکۂ حق میں کامیابی نے دنیا کو پاکستان کی صلاحیتوں، عزم اور خودمختاری کا واضح پیغام دیا ہے، آج دنیا میں سبزپاسپورٹ کو عزت دی جا رہی ہے۔
قبل ازیں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ہنزہ کیمپس آمد پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی انتظامیہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے اپنے دفتر میں وفاقی وزیر کو یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے ہنزہ کیمپس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا اور شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔







