پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے چیئرمین مدثر علی چیمہ کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی میں نمایاں اور غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ اس سلسلہ میں خصوصی تقریب سئیول میں پاکستان کے سفارت خانہ میں ہوئی جس میں کورین سول سوسائٹی، سفارتی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔
چیئرمین پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا

مزید خبریں
سئیول۔14مئی (اے پی پی):پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے چیئرمین مدثر علی چیمہ کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی میں نمایاں اور غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ اس سلسلہ میں خصوصی تقریب سئیول میں پاکستان کے سفارت خانہ میں ہوئی جس میں کورین سول سوسائٹی، سفارتی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز سفارت خانہ میں تعینات ہیڈ آف چانسری رابیل کینڈی کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں صدر مملکت کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا جس میں مدثر علی چیمہ کی اوورسیز پاکستانیوں کےلئے خدمات، پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ اور کاروباری و سماجی میدان میں ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ بعد ازاں پاکستانی سفیر سید معظم حسین شاہ نے باقاعدہ طور پر مدثر علی چیمہ کو تمغہ امتیاز عطا کیا۔

اس موقع پر شرکا نے بھرپور تالیاں بجا کر ان کی خدمات کو سراہا اور اسے نہ صرف مدثر علی چیمہ بلکہ کوریا میں پوری پاکستانی کمیونٹی کےلئے ایک اعزاز قرار دیا۔ پاکستانی سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدثر علی چیمہ نے اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے جس جذبے، دیانت داری اور محنت کے ساتھ خدمات انجام دیں وہ پوری قوم کےلئے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے اس اعزاز کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا۔ پاکستان میں کوریا کے سابق سفیر ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور مدثر علی چیمہ کی خدمات کو پاکستان اور کوریا کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے کوریا میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور مدثر علی چیمہ اس کی ایک نمایاں مثال ہیں۔تقریب کے اختتام پر مدثر علی چیمہ نے اپنے خطاب میں حکومتِ پاکستان، سفارتخانے اور پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز دراصل پوری پاکستانی کمیونٹی کی مشترکہ کاوشوں کا اعتراف ہے اور وہ مستقبل میں بھی پاکستان کے مثبت تشخص، کمیونٹی ویلفیئر اور پاک۔کوریا تعلقات کے فروغ کےلئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔







