پاکستان نے تاریخی سنگ میل عبور کر لیا، چین کی آن شور کیپٹل مارکیٹ میں پہلا پانڈا بانڈ کامیابی سے جاری

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ پاکستان نے تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے چین کی آن شور کیپٹل مارکیٹ میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ کامیابی سے جاری کر دیا ہے،تاریخی نوعیت کے پانڈا بانڈ کے تحت 1.75 ارب آر ایم بی (تقریباً 25 کروڑ امریکی ڈالر)مالیت کے بانڈ جاری کیے گئے، مجموعی طور پر تقریباً 1.26 ارب ڈالر سے زائد کی بولیاں موصول ہوئیں، …

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ پاکستان نے تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے چین کی آن شور کیپٹل مارکیٹ میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ کامیابی سے جاری کر دیا ہے،تاریخی نوعیت کے پانڈا بانڈ کے تحت 1.75 ارب آر ایم بی (تقریباً 25 کروڑ امریکی ڈالر)مالیت کے بانڈ جاری کیے گئے، مجموعی طور پر تقریباً 1.26 ارب ڈالر سے زائد کی بولیاں موصول ہوئیں، بانڈ پانچ گنا زیادہ اوور سبسکرائب ہوا۔ جمعرات کوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پرجاری اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں میں تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے چین کی آن شور کیپٹل مارکیٹ میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ کامیابی سے جاری کر دیا،اس اقدام کے ساتھ ہی پاکستان دنیا کی دوسری بڑی اور گہری کیپٹل مارکیٹ میں باضابطہ طورپر داخل ہوگیا۔

مشیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان کا پہلا پانڈا بانڈ تین سالہ فکسڈ ریٹ مالیاتی انسٹرومنٹ ہے جو چینی کرنسی آر ایم بی میں جاری کیا گیا، یہ چین کی آن شور کیپٹل مارکیٹ میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی خودمختار آر ایم بی بنیاد پر جاری کردہ بانڈ سکیم ہے،تاریخی نوعیت کے پانڈا بانڈ کے تحت 1.75 ارب آر ایم بی (تقریباً 25 کروڑ امریکی ڈالر)مالیت کے بانڈ جاری کیے گئے، اس اجراء کو سرمایہ کاروں کی غیرمعمولی دلچسپی حاصل ہوئی، مجموعی طور پر 8.8 ارب آر ایم بی یعنی تقریباً 1.26 ارب ڈالر سے زائد کی بولیاں موصول ہوئیں جس کے نتیجے میں یہ بانڈ پانچ گنا زیادہ اوور سبسکرائب ہوا۔

انہوں نے کہاکہ اہم بات یہ ہے کہ صرف ابتدائی قسط کے لیے موصول ہونے والی طلب ہی پاکستان کے پورے مجوزہ پانڈا بانڈ پروگرام جس کا حجم 7.2 ارب آر ایم بی (تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر ) سے زیادہ رہی، اس سے پاکستان کی معاشی سمت، اصلاحات کے ایجنڈے اور مستقبل کے اقتصادی امکانات پر عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی ہورہی ہے۔ خرم شہزادنے کہاکہ مضبوط آرڈر بک کی بدولت پاکستان کو انتہائی مسابقتی شرح پر سرمایہ حاصل کرنے میں کامیابی ملی اور بانڈ کا کوپن ریٹ صرف 2.5 فیصد مقرر ہوا، یہ عالمی مالیاتی منڈیوں کی جانب سے پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں، بیرونی شعبے کے استحکام، محتاط مالیاتی نظم و ضبط اور قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار ہے۔

مشیرخزانہ نے کہاکہ یہ تاریخی اجراء محض مالیاتی لین دین نہیں بلکہ کئی حوالوں سے پاکستان کے لیے ایک اہم سٹریٹجک پیش رفت ہے، اس کے ذریعے پاکستان نے چین کی کیپٹل مارکیٹ میں باضابطہ سٹریٹجک داخلہ حاصل کیا، ملک کے سرمایہ کاریکی بنیاد کو مزید متنوع بنایا گیا، پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مددملی اور پاکستان نے بہتر ہوتی معاشی ساکھ اور استحکام کی بنیاد پر عالمی کیپٹل مارکیٹوں میں منظم واپسی کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہاکہ پانڈا بانڈ کی کامیابی عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے کہ پاکستان کی معاشی بحالی کے عمل کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، یہ پیش رفت و ملک کے اصلاحات کے ایجنڈے، بہتر ہوتے مالیاتی اور بیرونی شعبے کے اشاریوں، کامیاب قرضہ جاتی نظم و نسق اور پائیدار معاشی ترقی کے عزم پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نہ صرف بتدریج معاشی استحکام سے سٹریٹجک منصوبہ بندی کی جانب بڑھ رہا ہے بلکہ بحران سے نمٹنے کی پالیسیوں سے مارکیٹ کے اعتماد کی طرف منتقل ہو رہا ہے،

ملک اب قلیل مدتی مالی دبائو سے نکل کر طویل المدتی سرمایہ منڈیوں تک رسائی حاصل کر رہا ہے۔خرم شہزادنے مزیدکہاکہ پانڈا بانڈ کا یہ تاریخی اجراء عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی و مالیاتی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے جو مستقبل میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور مالیاتی تعاون کے مزید مواقع پیدا کرے گا۔