وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2027-2030 پر کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی، حجاج کرام کے حقوق کے تحفظ کیلئے وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج آپریٹرز کے احتساب کا نظام وضع کرنے کی ہدایت

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2027-2030 پر کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی، حجاج کرام کے حقوق کے تحفظ کیلئے وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج آپریٹرز کے احتساب کا نظام وضع کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2027-2030 پر کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے حجاج کرام کے حقوق کے تحفظ کیلئے وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج آپریٹرز کے احتساب کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کابینہ نے فراش ٹائون، اسلام آباد میں اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے مکینوں کے لئےکم قیمت ہائوسنگ منصوبہ کی تعمیر و ترقی وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے سپرد کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں گندم کی خریدو فرخت کے حوالے سے درپیش مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے پر کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔

وفاقی کابینہ کو وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے حج پالیسی 2027-2030 کی جانچ کے حوالےسے بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں۔ وفاقی کابینہ نے کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت دی کہ وزارت مذہبی امور اور پرائیوٹ حج آپریٹرز کے احتساب کا نظام وضع کیا جائے تاکہ حجاج کرام کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی سفارش پر فراش ٹائون، اسلام آباد میں اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے مکینوں کے لئےکم قیمت ہائوسنگ منصوبہ کی تعمیر و ترقی وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے سپرد کرنے کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے ریونیو ڈویژن کی سفارش پر پاکستان کسٹمز کے انسپکٹرز، انٹیلیجنس آفیسرز، پریوینٹو آفیسرز ، اپریزرز اور ایویلیو ایشن آفیسرز کے محکمانہ ترقی کے امتحانات کی فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کرانے کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کی 29 اپریل 2026ء کو ہوئے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی منظوری بھی دے دی تاہم ہدایت کی کہ ٹوبیکو مارکیٹنگ کنٹرول رولز 2016 میں ترمیم کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی رائے لی جائے۔