پاکستان کے مختلف شہروں سے’’روٹ ٹو مکہ‘‘ اور حج پروازوں کے ذریعے مزید 6 ہزار 224 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جس کے بعد ارضِ مقدس میں موجود پاکستانی عازمین کی مجموعی تعداد 90 ہزار 976 ہو گئی ہے
حج 2026،سرکاری کوٹے کا 77 فیصد مکمل، 90 ہزار پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

مزید خبریں
مکہ مکرمہ ۔16مئی (اے پی پی):پاکستان کے مختلف شہروں سے’’روٹ ٹو مکہ‘‘ اور حج پروازوں کے ذریعے مزید 6 ہزار 224 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جس کے بعد ارضِ مقدس میں موجود پاکستانی عازمین کی مجموعی تعداد 90 ہزار 976 ہو گئی ہے،یہ تعداد پاکستان کے مجموعی سرکاری حج کوٹے کا 77 فیصد ہے۔ ترجمان وزارتِ مذہبی امورعمر بٹ کے مطابق اب تک پاکستان کے مختلف شہروں سے مدینہ منورہ کے لیے 164 اور مکہ مکرمہ کے لیے 174 پروازیں لینڈ کر چکی ہیں۔ سعودی عرب پہنچنے والے مجموعی عازمین میں سے 94 فیصد اس وقت مکہ مکرمہ جبکہ 6 فیصد مدینہ منورہ میں قیام پذیر ہیں۔ گزشتہ روز (جمعہ کو) پاکستان سے مزید 777 عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچے جو وہاں اپنا 8 روزہ قیام کریں گے، جبکہ 22 ہزار 204 عازمین مدینہ منورہ میں 8 روزہ قیام مکمل کر کے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ اس طرح مدینہ سے مکہ منتقلی کے بعد مکہ پہنچنے والے عازمین کی تعداد 35 ہزار 249 ہو گئی ہے، جبکہ 42 ہزار 572 عازمین پاکستان سے براہِ راست مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔وزارتِ مذہبی امور کے اعداد و شمار کے مطابق عازمینِ حج کی خدمت، رہنمائی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 98 فیصد خدام الحجاج، 93 فیصد ایس ڈی ای ، ٹیکنیکل سٹاف اور 87 فیصد میڈیکل اسٹاف نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ مسجد الحرام کے داخلی مقامات پر تعینات ’’حرم گائیڈز‘‘ نے اب تک 17 ہزار 768 عازمینِ حج کی رہنمائی کی ہے، جبکہ مدینہ منورہ میں 35 ہزار 58 عازمینِ حج کو صراط الجنہ کی زیارت کرائی گئی ہے۔پاکستانی عازمین کو رہائش گاہوں سے حرم شریف تک عمرہ، عبادات اور نمازوں کی ادائیگی کے لیے لانے اور لے جانے والی ٹرانسپورٹ سروس کو مزید بہتر کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بیڑے میں مزید 45 بسوں کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 416 بسوں کے ذریعے عازمینِ حج کو 24 گھنٹے پک اینڈ ڈراپ کی بہترین سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔








