نرسنگ کے شعبے کی مضبوطی کیلئے وزارت صحت کی بڑی کامیابی ،صحت کے نظام میں ایک انقلابی سنگِ میل عبور ، ترجمان وزارت صحت

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ پاکستان نرسنگ و مڈوائفری کونسل بل 2026 کی منظوری ایک تاریخی کامیابی ہے،نرسنگ کا شعبہ صحت کے میدان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ پاکستان نرسنگ و مڈوائفری کونسل بل 2026 کی منظوری ایک تاریخی کامیابی ہے،نرسنگ کا شعبہ صحت کے میدان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نرسنگ کونسل کو بدانتظامی اور کرپشن کا گڑھ سمجھا جاتا تھا ، جس کے باعث نرسنگ کے اہم امور طویل عرصے سے جمود کا شکار تھے ۔مصطفی کمال نے کہا کہ یہ قانون نرسنگ کے شعبے میں میرٹ، شفافیت کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً 9 لاکھ نرسز کی کمی ہےجبکہ عالمی سطح پر بھی تقریباً 25 لاکھ نرسز کی مانگ موجود ہے ،یہ اقدام اس خلا کو پُر کرنے کی جانب اہم قدم ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ملکی سطح پر صحت کی خدمات میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستانی نرسز کے لیے عالمی مواقع بھی بڑھیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نرسنگ کونسل کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا ،نرسنگ کے شعبے انٹر نیشنل معیار کے مطابق بنائیں گے ۔ ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر صحت کی کوششیں رنگ لائیں ،نرسنگ کے شعبے کی مضبوطی کیلئے وزارت صحت نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے،قومی اسمبلی سے پاکستان نرسنگ و مڈوائفری کونسل بل 2026 کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ہفتہ کو جاری اپنے بیان میں ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ ملک کے صحت کے نظام میں ایک انقلابی سنگِ میل عبور کر لیا ہے،یہ اہم قانون وزیر صحت کی مؤثر قیادت اور مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صحت کی یہ کاوش صحت کے شعبے میں اصلاحات کے وسیع ایجنڈے کا حصہ ہے ۔

مزید خبریں