ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، عظمیٰ کاردار

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے اور والدین بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ راولپنڈی میں جاری انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے

راولپنڈی۔ 19 مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے اور والدین بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ راولپنڈی میں جاری انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے تحت مہم کو مؤثر انداز میں جاری رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر عبدالرحمن خان سی ای اوہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی اور ڈی ایچ او ڈاکٹر حافظ جواد بھی ان کے ہمراہ تھے۔عظمیٰ کاردار نے کہا کہ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے پلا رہی ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔ عظمیٰ کاردار نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے ہر بچے کو لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں کیونکہ پولیو فری پنجاب ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں جبکہ مہم کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ سو فیصد ہدف حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے میڈیا، علما کرام اور سول سوسائٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں تمام طبقات کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی کی جغرافیائی حیثیت انتہائی اہم ہے کیونکہ یہاں خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور دیگر دور دراز علاقوں سے روزگار اور مختلف امور کے سلسلے میں آنے والی آبادی کی بڑی تعداد موجود ہے۔ اس کے باوجود راولپنڈی میں پولیو مہم کے دوران 98 فیصد کوریج حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے جو ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور فیلڈ ٹیموں کی بہترین کارکردگی کا مظہر ہے۔