ڈی جی ایئرپورٹس اتھارٹی کا دورہ سکردو ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ائیر وائس مارشل ذیشان سعید نے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس انجینئر صادق الرحمان، ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز، ڈائریکٹر انجینیرنگ سروسز اور ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ہمراہ سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا

کراچی۔19مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ائیر وائس مارشل ذیشان سعید نے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس انجینئر صادق الرحمان، ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز، ڈائریکٹر انجینیرنگ سروسز اور ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ہمراہ سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ سکردو آمد پر ان کا استقبال ایئرپورٹ مینیجر سکردو، بیس کمانڈر پی اے ایف بیس قادری اور آفیسر کمانڈنگ اے ایس ایف نے کیا۔ ڈی جی پی اے اے کو سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں موجودہ مسافر ٹرمینل بلڈنگ کی توسیع، نئے اے ٹی سی ٹاور ، فائر سٹیشن کی تعمیر اور نئے مسافر ٹرمینل بلڈنگ کے مجوزہ منصوبے پر پیش رفت شامل تھی۔منگل کوترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی پی اے اے نے ضلعی انتظامیہ سکردو کے اعلیٰ حکام سے ملاقات بھی کی جس میں ایئرپورٹ سے متعلق مختلف امور بالخصوص مجوزہ نئے مسافر ٹرمینل کے لیے اراضی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔