وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

اسلام آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ارتقائی دور سے گزر رہا ہے، 2018ءمیں دوسری بار پرامن انتقال اقتدار ایک سنگ میل ہے، آئندہ انتخابات آزادانہ، شفاف اور منصفانہ ہوں گے، اقتصادی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، میڈیا اور سوشل میڈیا میں حکومت کے خلاف تنقید کے ساتھ ساتھ کامیابیوں کو بھی اجاگر کرنا چاہئے، ملکی ترقی …

اسلام آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ارتقائی دور سے گزر رہا ہے، 2018ءمیں دوسری بار پرامن انتقال اقتدار ایک سنگ میل ہے، آئندہ انتخابات آزادانہ، شفاف اور منصفانہ ہوں گے، اقتصادی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، میڈیا اور سوشل میڈیا میں حکومت کے خلاف تنقید کے ساتھ ساتھ کامیابیوں کو بھی اجاگر کرنا چاہئے، ملکی ترقی کیلئے سول ملٹری تعلقات میں ہم آہنگی ضروری ہے، ملکی ترقی کیلئے سیاستدانوں، فوج، عدلیہ اور میڈیا کو مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا، ایک دوسرے پر اعتماد سے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پی آئی ڈی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ارتقائی دور سے گزر رہا ہے، ملک نے گذشتہ 67 سال کے دوران کئی مدو جزر کا سامنا کیا ہے، دنیا نے یقین کر لیا تھا کہ پاکستان اندرونی طور پر تضادات کا مجموعہ ہے اور یہاں مستحکم جمہوری نظام رائج نہیں کیا جا سکتا لیکن پہلی بار گذشتہ جمہوری حکومت نے اپنی پانچ سالہ مدت پوری کی ہے اور دنیا کو یہ باور کرانے میں مدد ملی کہ پاکستان سیاسی طور پر میچور ہو چکا ہے جبکہ 2018ءمیں انتقال اقتدار کی منتقلی ایک اہم سنگ میل ہے جب دوسری بار منتخب جمہوری حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی، اگر ایسا ہوا تو دنیا میں یہ تاثر ابھرے گا کہ پاکستان مستحکم اور پائیدار جمہوری ملک بن چکا ہے لیکن اگر کسی بھی طریقہ سے موجودہ حکومت کو پٹڑی سے اتارا گیا یا اسے مدت پوری کرنے نہ دی گئی تو یہ تاثر ابھرے گا کہ گذشتہ حکومت نے اتفاقیہ طور پر مدت پوری کی اور پاکستان معمول کے مطابق جمہوری ملک نہیں بن سکتا۔

Leave a Reply