بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ اور گریجویٹس کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے ’’جاب فیئر 2026‘‘ کا انعقاد
بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ اور گریجویٹس کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے ’’جاب فیئر 2026‘‘ کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد نے اپنے طلبہ اور گریجویٹس کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ’’جاب فیئر 2026‘‘ کا انعقاد کیا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے شرکت کی۔ منگل کو جاب فیئر 2026 بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے ای-8 کیمپس میں منعقد ہوا جہاں طلبہ کو مختلف اداروں کے نمائندوں سے براہ راست ملاقات، انٹرویوز اور کیریئر رہنمائی کے مواقع فراہم کیے گئے۔
تقریب کا افتتاح جامعہ کے ریکٹر نے کیا جبکہ مختلف صنعتی، آئی ٹی، بینکاری، ٹیلی کمیونیکیشن، انجینئرنگ اور کارپوریٹ شعبوں سے وابستہ اداروں نے سٹالز لگائے۔ جاب فیئر کا مقصد طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات، مطلوبہ مہارتوں اور روزگار کے جدید رجحانات سے آگاہ کرنا تھا۔ یونیورسٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحریہ یونیورسٹی اپنے طلبہ کو عملی میدان کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور روزگار کے مواقع تک رسائی فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ جاب فیئر میں شریک طلبہ نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سے براہ راست رابطے اور مستقبل کے کیریئر کے حوالے سے رہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملا۔








