ایس آئی ایف سی کی اصلاحات کے ثمرات، آزاد جموں و کشمیر میں مائننگ لائسنسز کا اجرا بحال

سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں تقریباً دو سال سے معطل مائننگ لائسنسز کا اجراء دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے،

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں تقریباً دو سال سے معطل مائننگ لائسنسز کا اجراء دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے، جسے معدنی شعبے کی بحالی اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مارچ 2024 سے معطل کان کنی لائسنسز کا عمل ایس آئی ایف سی کے اسٹریٹجک اور مربوط اقدامات کے باعث دوبارہ فعال ہوا۔ اس دوران مختلف انتظامی اور پالیسی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے نئے مائننگ لائسنسز کے اجراء کی راہ ہموار کی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ مائننگ لیزز کی بحالی سے آزاد جموں و کشمیر میں معدنی وسائل سے مؤثر استفادہ ممکن ہوگا جبکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریسرچ، معدنی ترقیاتی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق اس اقدام سے خطے میں کاروباری ماحول بہتر ہوگا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہو گا۔ حکومتی حلقوں نے اس پیش رفت کو پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی اور اصلاحاتی عمل کے لیے ایس آئی ایف سی کے کلیدی کردار کا مظہر قرار دیا ہے۔