وفاقی وزیر و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے صدر پاکستان چائنہ بزنس فورم اور چینی سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سے صدر پاکستان چائنہ بزنس فورم اور چینی سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات ، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تبادلۂ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے صدر پاکستان چائنہ بزنس فورم اور چینی سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع، خصوصاً زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، آٹو موبائل اورانجینئرنگ کے شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار اور محفوظ کاروباری ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور کاروبار میں آسانی کے اقدامات کے باعث پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو نئی جہت دے رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں صنعتی، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت، نوجوان افرادی قوت اور وسیع مارکیٹ کے باعث سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی موزوں ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان ملک میں صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ اشتراک عمل کو فروغ دے رہی ہے۔ملاقات میں بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مستحکم بنانے پر بھی زور دیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ چینی وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات، ون ونڈو سہولت اور سرمایہ کاروں کو دی جانے والی مراعات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کو خطے میں پرکشش سرمایہ کاری مرکز بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور پاک چین اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔








