وفاقی نظامتِ تعلیم نے وفاقی تعلیمی اداروں کے لئے موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا

وفاقی نظامتِ تعلیم (ایف ڈی ای) نے وفاقی تعلیمی اداروں کے لئے موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ماڈل سکولز، کالجز اور سابق وفاقی گورنمنٹ کالجز میں عیدالاضحیٰ اور گرمیوں کی تعطیلات 25 مئی 2026 سے 31 جولائی 2026 تک ہوں گی جبکہ تمام تعلیمی ادارے 3 اگست 2026 کو دوبارہ کھلیں گے۔

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی نظامتِ تعلیم (ایف ڈی ای) نے وفاقی تعلیمی اداروں کے لئے موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ماڈل سکولز، کالجز اور سابق وفاقی گورنمنٹ کالجز میں عیدالاضحیٰ اور گرمیوں کی تعطیلات 25 مئی 2026 سے 31 جولائی 2026 تک ہوں گی جبکہ تمام تعلیمی ادارے 3 اگست 2026 کو دوبارہ کھلیں گے۔ وفاقی نظامتِ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیلات کے دوران اداروں کے سربراہان اور انتظامی عملہ صبح 9 بجے سے دوپہر ایک بجے تک سرکاری اوقاتِ کار کے مطابق فرائض انجام دے گا۔ اس دوران مختلف انتظامی اور تدریسی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 15 جون 2026 سے دو ہفتوں پر مشتمل ’’سمر فیسٹا‘‘ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ جماعت نہم اور دہم کے طلبہ کے لئے جون یا جولائی میں کوچنگ کلاسز کا بھی انتظام کیا جائے گا تاکہ نصاب کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ ان کلاسز کے لئے صرف مطلوبہ تدریسی عملہ خدمات انجام دے گا اور بعض کلاسز ڈیجیٹل ہب کنیکٹڈ کلاس رومز کے ذریعے بھی منعقد کی جا سکیں گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تربیتی سیشنز کا شیڈول اور نامزدگیوں کی تفصیلات 22 مئی تک جاری کی جائیں گی اور نامزد اساتذہ کی شرکت لازمی ہوگی۔ بی ایس اور اے ڈی پی پروگرامز کے طلبہ کی کلاسز تعلیمی کیلنڈر کے مطابق جاری رہیں گی۔ایف ڈی ای نے ہدایت کی ہے کہ تعطیلات کے دوران تعلیمی اداروں میں مرمت، دیکھ بھال اور سٹاک چیکنگ کا عمل بھی مکمل کیا جائے۔ یہ احکامات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای کی منظوری سے جاری کئے گئے ہیں۔