تکنیکی خرابی کے باعث سپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ تجرباتی مشن ملتوی

مریکی نجی خلائی کمپنی سپیس ایکس نے تکنیکی خرابی کے باعث اپنے دیوہیکل "اسٹار شپ” راکٹ کے 12ویں تجرباتی مشن کو روانگی سے چند لمحے قبل ملتوی کر دیا۔

لاس اینجلس۔22مئی (اے پی پی):امریکی نجی خلائی کمپنی سپیس ایکس نے تکنیکی خرابی کے باعث اپنے دیوہیکل "اسٹار شپ” راکٹ کے 12ویں تجرباتی مشن کو روانگی سے چند لمحے قبل ملتوی کر دیا۔شنہوا کے مطابق راکٹ کی لانچنگ امریکی ریاست ٹیکساس میں قائم اسٹار بیس مرکز سے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 30 منٹ پر ہونا تھی، تاہم روانگی سے 40 سیکنڈ پہلے مشن روک دیا گیا۔سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ لانچ ٹاور کے بازو کو محفوظ رکھنے والا ہائیڈرولک پن مقررہ طریقے سے واپس نہ ہٹ سکا، جس کے باعث مشن منسوخ کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ اگر خرابی رات بھر میں دور کر لی گئی تو اگلی لانچ کی کوشش جمعہ کی شام کی جا سکتی ہے۔یہ مشن نئی نسل کے اسٹار شپ خلائی جہاز اور سپر ہیوی بوسٹر کی پہلی آزمائشی پرواز قرار دیا جا رہا ہے، جس میں جدید ریپٹر انجن استعمال کیا گیا ہے۔ اسپیس ایکس کے مطابق اس تجربے کا مقصد نئے نظاموں کی حقیقی پرواز میں کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔