سعودی وزارتِ داخلہ کا حجاج پر ضوابط کی پابندی کے لیے زور

سعودی وزارتِ داخلہ کا حجاج پر ضوابط کی پابندی کے لیے زور

مکہ مکرمہ۔26مئی (اے پی پی):سعودی وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ عازمینِ حج کی حفاظت، رش کے مؤثر انتظام اور مقاماتِ مقدسہ کے مابین بلا تعطل آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے حج ضوابط اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل درآمد ناگزیر ہے۔وزارتِ داخلہ کے مطابق، رواں حج سیزن 1447ھ کے لیے منظور شدہ تمام سکیورٹی، تنظیمی، طبی اور آپریشنل منصوبوں کا بنیادی محور صرف ان حجاج کو سہولیات فراہم کرنا ہے جو باقاعدہ حج پرمٹ (اجازت نامہ) کے تحت تشریف لائے ہیں۔

اس مربوط قومی نظام میں مملکت کے تمام سکیورٹی اور خدماتی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ عازمینِ حج یکسوئی اور اطمینان کے ساتھ مناسک ادا کر سکیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ زمین پر نافذ العمل فیلڈ اقدامات عازمین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور خدمات کے معیار کو بلند کرنے کے لیے سعودی عرب کی مخلصانہ کوششوں کا تسلسل ہیں۔

یہ اقدامات حج کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور حاجیوں کے تجربے کو یادگار بنانے کے حوالے سے سعودی وژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہیں۔وزارتِ داخلہ نے اللہ کے مہمانوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ سفر اور نقل و حرکت کے لیے صرف منظور شدہ راستوں اور ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں اور سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کا مظاہرہ کریں تاکہ ہجوم والے مقامات پر نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے اور حجاج کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں