امریکامیں پیپر مل کے کیمیکل ٹینک دھماکے میں 2 ہلاک، 9 لاپتہ افراد کے مردہ ہونے کا خدشہ
امریکامیں پیپر مل کے کیمیکل ٹینک دھماکے میں 2 ہلاک، 9 لاپتہ افراد کے مردہ ہونے کا خدشہ

مزید خبریں
سان فرانسسکو۔28مئی (اے پی پی):امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر لانگ ویو میں واقع ایک پیپر مل میں کیمیکل ٹینک دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی جبکہ 9 افراد اب بھی لاپتا ہیں اور ان کے مردہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
شنہوا کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ حادثہ ایک ایسے ٹینک میں پیش آیا جس میں "وائٹ لِکر” نامی کیمیائی محلول موجود تھا، جو کاغذ اور گودا سازی کے عمل میں استعمال ہوتا ہے۔
ٹینک کی گنجائش تقریباً 9 لاکھ گیلن تھی۔امریکی کیمیکل سیفٹی اینڈ ہیزرڈ انویسٹی گیشن بورڈ نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ تحقیقاتی ٹیم جائے وقوعہ پہنچ رہی ہے۔فائر حکام کے مطابق دھماکے کے بعد بڑی مقدار میں خطرناک کیمیکل خارج ہوا، جبکہ تباہ شدہ ٹینک کی غیر مستحکم ساخت اور زہریلے مواد کے باعث امدادی کارروائیاں انتہائی احتیاط سے جاری ہیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ ملنے والی لاشوں کو شناخت اور ورثا کو اطلاع دینے سے قبل ڈی کنٹیمنیشن کے عمل سے گزارا جائے گا۔واشنگٹن کے گورنر باب فرگوسن نے کہا ہے کہ یہ حادثہ جدید واشنگٹن کی تاریخ کا سب سے ہولناک صنعتی سانحہ ثابت ہوسکتا ہے۔یہ دھماکہ جاپانی کمپنی نِپون پیپر گروپ کی ذیلی کمپنی نِپون ڈائنو ویو پیکیجنگ کمپنی کے پلانٹ میں پیش آیا۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی توجہ لاپتا افراد کی تلاش، متاثرہ خاندانوں اور ملازمین کی مدد پر مرکوز ہے۔حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔








