امریکی ارب پتی جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن کا نیو گلین راکٹ ایک ٹیسٹ کے دوران لانچنگ پیڈ پردھماکے سے پھٹ گیا۔
امریکی کمپنی بلیو اوریجن کا نیو گلین راکٹ لانچنگ پیڈ پر ٹیسٹ کےد وران دھماکے سے پھٹ گیا

مزید خبریں
کیپ کینورل ۔29مئی (اے پی پی):امریکی ارب پتی جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن کا نیو گلین راکٹ ایک ٹیسٹ کے دوران لانچنگ پیڈ پردھماکے سے پھٹ گیا۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس واقعہ میں کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ امریکی حکام کے مطابق واقعہ سے علاقے میں فضائی ٹریفک متاثر نہیں ہو ئی۔ خلائی ٹیکنالوجی کمپنی بلیو اوریجن کی بنیاد 2000 میں ایمیزون کے ارب پتی مالک جیف بیزوس نے رکھی تھی ۔بلیو اوریجن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی مزید تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی ۔ بیان کے مطابق دھماکہ "ہاٹ فائر ٹیسٹ” کے دوران ہوا۔حادثے کی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ راکٹ آگ کے ایک بڑے گولے میں تبدیل ہو رہا ہے اور اس کے شعلوں نے ارد گرد کے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔
یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کینورل لانچنگ پیڈ پر مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی رات 9 بجے پیش آیا ۔ بریورڈ کاؤنٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کے مطابق عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بلیو اوریجن کے مالک جیف بیزوس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فوری طور پر حادثے کی اصل وجہ جاننا ممکن نہین لیکن ہم اس پر کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر خلائی تسخیر کا کام جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ امریکی خلائی فورس نے کہا کہ ہنگامی جواب دہندگان جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور اہلکار بلیو اوریجن کے ساتھ مل کر دستیاب ڈیٹا کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ حادثے کی صحیح وجہ کا تعین کیا جا سکے۔








