عید الاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں صفائی و ستھرائی کے لیے بھرپور آپریشن جاری رہا

عید الاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں صفائی و ستھرائی کے لیے بھرپور آپریشن جاری رہا

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر عید الاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں صفائی و ستھرائی کے لیے بھرپور آپریشن جاری رہا، جس کے تحت عید کے پہلے دو روز کے دوران مجموعی طور پر 2511.032 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں۔ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں عید الاضحیٰ کے دوران مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد چھوٹے اور بڑے جانور قربان کئے گئے۔

عید کے پہلے روز 65 ہزار سے زائد چھوٹے جبکہ 44 ہزار سے زائد بڑے جانوروں کی قربانی کے بعد 1807.868 ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔ اسی طرح عید کے دوسرے روز 23 ہزار سے زائد چھوٹے اور 17 ہزار سے زائد بڑے جانور قربان کئے گئے جبکہ 703.164 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں۔ صفائی آپریشن کی نگرانی سی ڈی اے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور آئی سی ٹی انتظامیہ کے افسران نے خود فیلڈ میں موجود رہ کر کی جبکہ آپریشن کی مانیٹرنگ کیلئے اسلام آباد سیف سٹی میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق صفائی مہم میں 2 ہزار سے زائد عملے اور 200 سے زائد جدید گاڑیوں و مشینری نے حصہ لیا۔ آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر 89 مقامات پر 151 گڑھے کھودے گئے۔ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور بدبو کے خاتمے کیلئے مختلف علاقوں میں عرق گلاب، فنائل، پانی اور چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔

شہریوں کی سہولت اور شکایات کے فوری ازالے کیلئے ہیلپ لائن 1334 اور واٹس ایپ نمبر 03355001213 بھی فعال رکھا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے تیسرے روز بھی صفائی آپریشن بلا تعطل جاری ہے اور اسلام آباد کو صاف، سرسبز اور زیرو ویسٹ سٹی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے بروقت آلائشیں اٹھانے اور صفائی کے مؤثر انتظامات پر سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔

مزید خبریں