صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی قیادت میں حکومتی وفد نے بدھ کو میزئی اڈہ کا دورہ کیا اور حالیہ افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والے پانچ افراد کے لواحقین اور اہلِ علاقہ سے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی وزیر میر علی مدد جتک، رکن بلوچستان اسمبلی میر جہانزیب، سردارزادہ علاوالدین لونی، غلام ربانی کاکڑ اور حمیداللہ کاکڑ بھی شامل تھے۔
وزیرداخلہ بلوچستان کی میزئی آڈہ آمد، شہدا کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت، انصاف اور سخت کارروائی کی یقین دہانی
کوئٹہ۔ 03 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی قیادت میں حکومتی وفد نے بدھ کو میزئی اڈہ کا دورہ کیا اور حالیہ افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والے پانچ افراد کے لواحقین اور اہلِ علاقہ سے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی وزیر میر علی مدد جتک، رکن بلوچستان اسمبلی میر جہانزیب، سردارزادہ علاوالدین لونی، غلام ربانی کاکڑ اور حمیداللہ کاکڑ بھی شامل تھے۔دورے کے دوران صوبائی وزرا ءنے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی، لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا ءکے بچوں سے خصوصی شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں دلاسہ دیا۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ڈی پی او عطر رشید نے حکومتی وفد کو واقعے کی تحقیقات اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ میزئی آڈہ میں پانچ افراد کا قتل انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت متاثرہ خاندانوں اور اہلِ علاقہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے اور قلعہ عبداللہ میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔صوبائی وزیر میر علی مدد جتک نے کہا کہ حکومت ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وفد کی آمد کا مقصد متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا تھا اور لواحقین و اہلِ علاقہ کے جائز مطالبات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر اہلِ علاقہ اور لواحقین نے مشکل گھڑی میں ان کے درمیان آنے اور تعاون کی یقین دہانی کرانے پر حکومتی وفد کا شکریہ ادا کیا۔








