پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ ثقافتی اور سیاحتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ،وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ ثقافتی اور سیاحتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ ثقافتی اور سیاحتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے اور وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت، اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر عمر حسین اوبا سے ملاقات کے دوران کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ثقافت و ورثے کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی سفارتکاری کے فروغ کے لیے وفود کے تبادلوں، ثقافتی گروپس کے دوروں اور مشترکہ ثقافتی تقریبات کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان میں ایتھوپیا کے کلچر ڈیز متعارف کرائے جائیں جبکہ دونوں ممالک کے ثقافتی وفود کے باہمی دوروں کا بھی اہتمام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی ترکیہ اور تاجکستان سمیت مختلف ممالک کے ساتھ ثقافتی ہفتے منعقد کر چکا ہے، اور ایتھوپیا کے ثقافتی وفد کو بھی لوک ورثہ میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے جہاں پاکستان کے علاقائی ثقافتی رنگ بھرپور انداز میں پیش کیے جاتے ہیں۔ایتھوپیا کے سفیر نے پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے اپنے ملک کے شاندار ثقافتی ورثے، منفرد کیلنڈر سسٹم، روایتی تہواروں اور لسانی و نسلی تنوع پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے ایتھوپین ایئرلائنز کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ایئرلائن پاکستان اور ایتھوپیا کے ساتھ ساتھ افریقہ کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنا رہی ہے، جس سے سیاحت اور ثقافتی تبادلے کو فروغ مل رہا ہے۔سفیر نے دونوں ممالک کی وزارتوں کے درمیان ثقافتی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تجویز بھی پیش کی۔وفاقی وزیر نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار ہے۔اجلاس میں سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمن گیلانی نے بھی شرکت کی اور کہا کہ ایتھوپیا کے ثقافتی وفود کے پاکستان دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔