ایم این اے شازیہ عطا مری نے سانگھڑ میں بچوں کی صحت کے لیے محکمے کو جدید موبائل ڈسپنسری فراہم کر دی

ایم این اے شازیہ عطا مری نے سانگھڑ میں بچوں کی صحت کے لیے محکمے کو جدید موبائل ڈسپنسری فراہم کر دی

حیدرآباد۔ 04 جون (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے 209 شازیہ عطا مری نے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کی آگاہی، رابطہ کاری اور بیماریوں کی نگرانی کی سرگرمیوں کے لیے محکمہ صحت سانگھڑ کو جدید موبائل ڈسپنسری فراہم کر دی ۔ محکمہ صحت سانگھڑ کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ یہ موبائل ڈسپنسری ضلع کے دور دراز، دشوار گزار اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات اور حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس اقدام سے ان علاقوں کے مکینوں کو فائدہ پہنچے گا جہاں رسائی کے مسائل کے باعث طبی خدمات کی فراہمی میں مشکلات پیش آتی رہی ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ موبائل ڈسپنسری کی مدد سے ای پی آئی ٹیمیں اب ان دیہات اور آبادیوں تک باآسانی پہنچ سکیں گی جہاں پہلے مکمل طبی خدمات فراہم کرنا ممکن نہیں تھا۔ اس سہولت کے ذریعے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ان کے گھروں کے قریب بروقت حفاظتی ٹیکے لگائے جا سکیں گے، جس سے وہ 13 خطرناک اور جان لیوا بیماریوں سے محفوظ رہیں گے۔

حکام کے مطابق یہ گاڑی حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو مزید موثر بنانے کے ساتھ ساتھ بیماریوں کی نگرانی، ہنگامی طبی صورتحال میں فوری ردِعمل اور دیگر عوامی صحت کے منصوبوں کو بھی تقویت دے گی جس سے ہزاروں خاندان مستفید ہوں گے۔ محکمہ صحت سانگھڑ نے اس اہم اقدام پر شازیہ عطا مری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے عوامی صحت کے فروغ اور بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ایک قابلِ قدر خدمت قرار دیا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سانگھڑ ڈاکٹر محمد فاروق نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام میں بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگوا کر ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔