نیشنل ٹیرف کمیشن کی فعال اور شفاف کارکردگی ملکی صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی فعال اور شفاف کارکردگی ملکی صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی فعال اور شفاف کارکردگی ملکی صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت معیشت کی مجموعی ترقی اور اس حوالے سے نیشنل ٹیرف پالیسی 30 ۔ 2025 کے نفاذ پر اہم جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں نیشنل ٹیرف پالیسی 30 ۔ 2025 کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل ٹیرف پالیسی 30 ۔ 2025 کے تحت مختلف شعبوں کے لیے ٹیرف میں مرحلہ وار کمی کی جائے گی جس کا مقصد برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے اہداف کا حصول ہے،لاجسٹک کے شعبے کی ترقی اور فروغ کے لیے رییفرز کنٹینرز اور سیمی ٹریلرز پر عائد ڈیوٹیز کا خاتمہ کیا جائے گا،تعمیراتی شعبے کے فروغ کے حوالےسے سے سپیشلائزڈ وہیکلز اور مشینری پر کسٹمز ڈیوٹیز کم کی جا رہی ہے،فارماسیوٹیکل سیکٹر کو سہولیات دینے کے لیے خام مال خصوصاً کینسر کی ادوایات میں استعمال ہونے والے خام مال پر کسٹم ڈیوٹی ختم کی جائیں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی فعال اور شفاف کارکردگی ملکی صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی سہولت کے لیے نیشنل ٹیرف کمیشن اپنافعال کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں رائج بہترین اطوار اور جدید ٹیکنالوجی بشمول انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے کمیشن میں جدت لائی جائے۔

مزید خبریں