کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کا چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کا دورہ

کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا،

بہاولپور۔ 04 جون (اے پی پی):کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا،

جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبے ”اپنا کھیت اپنا روزگار“ اسکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کا جائزہ لیا اور مجموعی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع افسران نے درخواستوں کی سکروٹنی، قرعہ اندازی کے مختلف مراحل اور چولستان میں زرعی اراضی کی تقسیم کے منصوبے سے متعلق امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت بے زمین کاشتکاروں اور دیہی خاندانوں کی جانب سے مسلسل درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ چولستان کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 52 ہزار 158 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 8 ہزار 125 درخواستیں منظور جبکہ 5 ہزار 328 درخواستیں مسترد کی جا چکی ہیں، جبکہ 38 ہزار 705 درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تحصیل یزمان چولستان میں 7 ہزار 423 پلاٹس کے لیے 37 ہزار 595 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 4 ہزار 664 درخواستیں منظور، 2 ہزار 699 مسترد جبکہ 30 ہزار 232 درخواستیں زیر غور ہیں۔ اسی طرح فورٹ عباس چولستان میں 9 ہزار 261 پلاٹس کے لیے 9 ہزار 37 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 1 ہزار 858 درخواستیں منظور، 1 ہزار 595 مسترد جبکہ 5 ہزار 584 درخواستوں کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ ضلع رحیم یار خان کے لیاقت پور چولستان میں 5 ہزار 526 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 1 ہزار 603 درخواستیں منظور، 1 ہزار 34 مسترد جبکہ 2 ہزار 889 درخواستیں زیرِ جانچ ہیں۔ اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بے زمین کسانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”اپنا کھیت اپنا روزگار“ اسکیم دیہی معیشت کے استحکام، زرعی پیداوار میں اضافے اور بے روزگار افراد کو باعزت روزگار فراہم کرنے کی جانب ایک اہم اور انقلابی اقدام ہے۔ کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مستحق افراد کو بروقت فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ تمام مراحل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب بے زمین کسانوں کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کر رہی ہے، جس کے ذریعے ہزاروں خاندان معاشی خود کفالت کی منزل کی جانب گامزن ہوں گے۔ کمشنر نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور دیانت داری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس فلاحی اور انقلابی پروگرام کے ثمرات حقیقی مستحقین تک پہنچ سکیں۔