سپین سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ فٹ بال مینیجر انڈونی ایراؤلا برطرف کیے گئے ہیڈ کوچ آرنے سلاٹ کی جگہ لیورپول فٹ بال کلب کی کمان سنبھالنے کے لیے انگلینڈ پہنچ گئے ہیں۔
انڈونی ایراؤلا لیورپول کے نئے ہیڈ کوچ مقرر، اینفیلڈ ڈیل کو حتمی شکل دینے کے لیے انگلینڈ پہنچ گئے
لندن۔5جون (اے پی پی):سپین سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ فٹ بال مینیجر انڈونی ایراؤلا برطرف کیے گئے ہیڈ کوچ آرنے سلاٹ کی جگہ لیورپول فٹ بال کلب کی کمان سنبھالنے کے لیے انگلینڈ پہنچ گئے ہیں۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق انڈونی ایرائولا سپین کے شہر سان سیباسٹیان سے نجی طیارے کے ذریعے لیورپول کے جان لینن ایئرپورٹ پہنچے جہاں سے انہیں کلب حکام کے ساتھ ملاقات کے لیے لے جایا گیا۔ انڈونی ایراؤلا اور لیورپول کے درمیان 2 سالہ معاہدے پر اتفاق ہوا ہے، جس کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔ وہ اس سے قبل بورن ماؤتھ کے ہیڈ کوچ تھے، جہاں ان کی شاندار حکمت عملی کی بدولت ٹیم نے پریمیئر لیگ میں 6ویں پوزیشن حاصل کر کے کلب کی تاریخ میں پہلی بار یورپی مقابلوں کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔لیورپول کے سابق ہیڈ کوچ آرنے سلاٹ کو گزشتہ ہفتے پریمیئر لیگ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ آرنے سلاٹ نے اپنے پہلے سیزن 2024/25 میں لیورپول کو ریکارڈ 20واں انگلش لیگ ٹائٹل جتوایا تھا، لیکن دوسرے سیزن میں ٹیم پانچویں نمبر پر رہی اور چیمپئن آرسنل سے 25 پوائنٹس پیچھے رہ گئی۔ انڈونی ایراؤلا سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ لیورپول میں دوبارہ وہی جارحانہ اور تیز فٹ بال متعارف کروائیں گے جو سابق مینیجر جورگن کلوپ کے دور کی پہچان تھا۔









