فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں میزبان سپین اور عراق کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا وارم اپ میچ انتہائی سخت مقابلے کے بعد 1-1 سے ڈرا ہوگیا
ورلڈ کپ وارم اپ میچ،اعصاب شکن مقابلے کے بعد سپین اور عراق کے درمیان میچ 1-1 سے برابر
میڈرڈ۔5جون (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں میزبان سپین اور عراق کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا وارم اپ میچ انتہائی سخت مقابلے کے بعد 1-1 سے ڈرا ہوگیا۔شنہوا کے مطابق لا کورونا میں کھیلے گئے ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں عراق نے شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہسپانوی فٹ بال ٹیم کو 1-1 سے ڈرا پر روک دیا ہے۔ ہسپانوی کوچ لوئس ڈی لا فونٹے نے اس میچ میں بارسلونا کے مڈفیلڈر مارک برنال اور رئیل سوسائٹیڈ کے ڈیفینڈر جون مارٹن کو ڈیبیو کرایا، جبکہ نیکو ولیمز، لامین یامال اور وکٹر مونیوز جیسے اہم کھلاڑی انجری کے باعث سکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔ میچ کے 16ویں منٹ میں فیران ٹوریس نے گول کر کے سپین کو عراق کے خلاف 0-1 کی برتری دلائی، تاہم عراقی ٹیم نے میچ میں واپسی کے لیے زیادہ وقت نہ لیا اور 27ویں منٹ میں عراق کی ٹیم کے میرچاس ڈوسکی نے شاندار گول داغ کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔میچ کے دوسرے ہاف میں ہسپانوی ٹیم نے گیند پر 72 فیصد کنٹرول برقرار رکھنے کے باوجود عراقی دفاع کو توڑنے میں ناکامی کا سامنا کیا۔ دوسرے ہاف میں ہسپانوی کوچ نے مارک پوبل اور گونزالو گارسیا سمیت مزید نئے کھلاڑیوں کو آزمایا لیکن وہ کوئی واضح موقع بنانے میں ناکام رہے۔ عراق کی ٹیم ورلڈ کپ میں فرانس، سینیگال اور ناروے کے ساتھ ایک مشکل گروپ میں شامل ہے۔ ہسپانوی ٹیم 9 جون کو پیرو کے خلاف اپنا آخری وارم اپ میچ امریکا میں کھیلے گی، جس کے بعد 15 جون کو کیپ ورڈی کے خلاف ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گی۔








