وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی بجٹ سے متعلق بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت اور ملاقات کے لیے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے تاکہ بجٹ کی تیاری میں عوامی ترجیحات اور قیادت کے وژن کو مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے
خیبرپختونخوا حکومت ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ تیار کر چکی ہے،شفیع جان
پشاور۔ 04 جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی بجٹ سے متعلق بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت اور ملاقات کے لیے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے تاکہ بجٹ کی تیاری میں عوامی ترجیحات اور قیادت کے وژن کو مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز میڈیا کو جاری بیان میں کیا ۔شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت ایک متوازن، حقیقت پسندانہ اور عوام دوست بجٹ تیار کر چکی ہے، جس کا مقصد عوامی ضروریات کو پورا کرنا اور صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔شفیع جان نے کہا کہ بجٹ میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے ،روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، ڈیجیٹل خیبرپختونخوا،معاشی ترقی اور میرٹ کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت عوامی خدمت اور ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور دستیاب وسائل کو عوام کی فلاح اور صوبے کی ترقی کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں وسائل کو عوام کی فلاح اور صوبے کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا ، بجٹ عوام کے بہتر مستقبل، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک جامع روڈ میپ ثابت ہوگا۔









