عالمی یومِ ماحولیات منانے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے عوامی شعور پیدا کرنا ہے،ڈپٹی کمشنر بہاولنگر

ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد نے کہا ہے کہ 5جون کو عالمی یومِ ماحولیات منانے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اورشجرکاری کے متعلق عوامی شعور پیدا کرنا ہے۔

چشتیاں ۔ 05 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد نے کہا ہے کہ 5جون کو عالمی یومِ ماحولیات منانے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اورشجرکاری کے متعلق عوامی شعور پیدا کرنا ہے۔انہوں نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پرآگاہی واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ درخت لگانا، صفائی کو اپنانا اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینے اور قدرتی وسائل کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے عملی کوشش کرنا ہوگی۔قبل ازیں آگاہی واک میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر، انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے افسران، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں، مختلف سرکاری محکموں کے افسران و ملازمین، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی گرین الیکٹرک بس کو ماحولیات کے تحفظ اورعوامی آگاہی مہم کے لیے استعمال کیا گیا، جس پر ماحولیاتی تحفظ اورقومی یکجہتی کے حوالے سے خصوصی پیغامات آویزاں تھے