محکمہ شہری دفاع کی کارروائیاں، 6 غیر قانونی پٹرول پمپس سر بمہر

محکمہ شہری دفاع سیالکوٹ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے چھ غیر قانونی منی پٹرول پمپس کو سر بمہر کر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے۔

سیالکوٹ۔ 06 جون (اے پی پی):محکمہ شہری دفاع سیالکوٹ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے چھ غیر قانونی منی پٹرول پمپس کو سر بمہر کر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ شہری دفاع کی فیلڈ سٹاف نے رنگپورہ، پکا گڑا، کینٹ پولیس کی حدود اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قائم منی پٹرول پمپس کو چیک کیا۔ کارروائی کے دوران چھ ڈسپنسر مشینیں قبضے میں لے لی گئیں جبکہ غیر قانونی پٹرول فروخت کرنے والی دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔یہ منی پٹرول پمپ بغیر کسی لائسنس کے قائم کئے گئے تھے اور ان میں آگ لگنے کی صورت میں نمٹنے کے لئے کوئی الات بھی موجود نہ تھے لہذا مفاد عامہ کے لیے کاروائی عمل میں لائی گئی۔ محکمہ شہری دفاع کے حکام نے کہا ہے کہ انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے غیر قانونی اور حفاظتی تقاضے پورے نہ کرنے والے پٹرول پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی پٹرول فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔