حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، صوبائی وزیر داخلہ

کوئٹہ۔ 06 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ضلع میں پیش آنے والے تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم کی ہلاکت پر بریفنگ لیتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ضلع بھر میں بھرپور سرچ اور کومبنگ آپریشن شروع کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم ہمایوں شاہ کو انٹر سٹی بس …

کوئٹہ۔ 06 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ضلع میں پیش آنے والے تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم کی ہلاکت پر بریفنگ لیتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ضلع بھر میں بھرپور سرچ اور کومبنگ آپریشن شروع کیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم ہمایوں شاہ کو انٹر سٹی بس اڈے کے قریب ٹریس کیا گیا۔ پولیس نے اسے گرفتاری دینے کی ہدایت کی، تاہم ملزم نے مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں ملزم زخمی ہوا اور بعد ازاں جانبر نہ ہو سکا۔واقعہ کے مقام سے ایک پستول، چار زندہ کارتوس اور دو خول برآمد ہوئے ہیں۔ شواہد کو ضابطے کے مطابق تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کی قانونی تقاضوں کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تیزاب گردی جیسے سنگین جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔