یونیورسٹی آف کمالیہ میں نئے تعلیمی سال 2026-27 کے داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر ڈاکٹر یاسر نواب نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے یونیورسٹی میں دستیاب جدید تعلیمی سہولیات، معیاری تدریسی ماحول اور داخلہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا
یونیورسٹی آف کمالیہ میں نئے تعلیمی سال 2026-27 کے داخلوں کا آغاز ہوگیا

مزید خبریں
کمالیہ 06۔ جون (اے پی پی):یونیورسٹی آف کمالیہ میں نئے تعلیمی سال 2026-27 کے داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر ڈاکٹر یاسر نواب نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے یونیورسٹی میں دستیاب جدید تعلیمی سہولیات، معیاری تدریسی ماحول اور داخلہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر رئیس انصاری اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد اویس بھی موجود تھے ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر یاسر نواب نے بتایا کہ یونیورسٹی میں کمپیوٹنگ، بزنس، الائیڈ ہیلتھ سائنسز، آرٹس، سوشل سائنسز سمیت متعدد انڈر گریجویٹ پروگرامز میں داخلے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ پورٹل یکم جون 2026 سے کھول دیا گیا ہے جبکہ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف کمالیہ طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے ۔ تمام کلاس رومز مکمل طور پر ائیر کنڈیشنڈ ہیں جبکہ تدریسی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انٹرایکٹو اسمارٹ ایل ای ڈی پینلز اور جدید ملٹی میڈیا سسٹمز نصب کیے گئے ہیں۔ طلبہ کو روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل لرننگ کے وسیع مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر یاسر نواب نے بتایا کہ یونیورسٹی میں آن لائن لیکچر سیریز کا باقاعدہ انعقاد کیا جاتا ہے جس کے تحت دنیا بھر کی معروف جامعات کے ممتاز پروفیسرز، محققین اور ماہرین مختلف موضوعات پر طلبہ کو لیکچرز دیتے ہیں۔ اس اقدام سے طلبہ کو بین الاقوامی تعلیمی رجحانات، جدید تحقیق اور عالمی سطح کے علمی تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کامیاب پیشہ ور افراد بن سکیں۔ انہوں نے طلبہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ مقررہ آخری تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کروائیں اور اس بہترین تعلیمی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں








