ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت اجلاس

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت اجلاس

راولپنڈی۔6جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ضلع مری میں بین الادارہ جاتی رابطہ کاری، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی خدمات کی فراہمی، امن و امان، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی اور سیاحتی انتظامات سمیت مختلف انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی جبکہ عوامی مسائل کے بروقت حل اور سرکاری اداروں کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیلڈ میں متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا فوری حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں بین الادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے، بہتر رابطہ کاری اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے عوامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع مری میں بہترین طرز حکمرانی اور عوامی خدمت کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔