علماء و مشائخ معاشرے میں رواداری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی علماء و مشائخ ونگ کے صوبائی صدر پیر آفتاب عالم نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی

پشاور۔ 06 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی علماء و مشائخ ونگ کے صوبائی صدر پیر آفتاب عالم نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔

گورنر ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان کی حالت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ معاشرے میں برداشت، رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں علماء و مشائخ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں علماء کرام اور مشائخ پر یہ ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ امن، اتحاد اور اعتدال پسندی کے پیغام کو عام کریں۔ ملاقات میں علماء و مشائخ ونگ کی جانب سے خصوصی کنونشنز کے انعقاد پر بھی مشاورت کی گئی۔