کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، سیکرٹری ایکسائز

سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا خالد الیاس سے کوہاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رشید پراچہ نے ملاقات کی،

پشاور۔ 06 جون (اے پی پی):سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا خالد الیاس سے کوہاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رشید پراچہ نے ملاقات کی، جس میں کاروباری برادری اور صنعتی شعبے کو درپیش مسائل سمیت مختلف اہم امور زیر بحث آئے۔

ملاقات کے دوران ٹیکسیشن سے متعلق معاملات، کاروباری سرگرمیوں کو درپیش مشکلات، صنعتی شعبے کے مسائل، علاقائی چیلنجز، کاروبار دوست پالیسیوں اور اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سمال انڈسٹریز کو ریلیف فراہم کرنے اور صنعتوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔سیکرٹری ایکسائز خالد الیاس نے کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل اور باہمی تعاون کے فروغ کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروبار اور صنعت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے دروازے عوام اور کاروباری طبقے کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔