یونیورسٹی روڈ کوجولائی کے آخر تک ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا،شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن منصوبے پر دن رات کام جاری ہے اور یونیورسٹی روڈ کوجولائی کے آخر تک ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔

کراچی۔ 06 جون (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن منصوبے پر دن رات کام جاری ہے اور یونیورسٹی روڈ کوجولائی کے آخر تک ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔

ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈ لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو کے کھلنے سے شہریوں کو بڑی سہولت ملی ہے اور اس کے استعمال سے وقت کی بچت بھی ہو رہی ہے، اس شاہراہ پر پولیس، ایمبولینس اور ریسکیو سروسز تعینات ہیں تاکہ شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کے مسئلے کے حل کے لیے ناردرن بائی پاس پر ٹرمینل تعمیر کیا جا رہا ہے۔