محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے ملتان میں فول پروف سکیورٹی پلان، 10 ہزاراہلکار تعینات ہوں گے

کمشنر ملتان ڈویژن عامرکریم خان اور آر پی او ملتان ریجن عثمان اکرم گوندل کی زیرصدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

ملتان۔ 08 جون (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامرکریم خان اور آر پی او ملتان ریجن عثمان اکرم گوندل کی زیرصدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی، سیکیو رٹی انتظامات اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز،علمائے کرام اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈویژن بھر کے اضلاع سے افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کے دوران امن کے قیام کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے تعاون کی خواہاں ہے اور ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے مکمل اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواداری، برداشت اور بین المسالک ہم آہنگی کا پیغام ہر مسجد اور منبر سے عام کیا جائے تاکہ معاشرے میں بھائی چارے اور اتحاد کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جمعہ کے خطبات میں مذہبی ہم آہنگی اور امن کے فروغ کا خصوصی پیغام دیا جائے گا۔کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دو ران فول پروف سیکیورٹی، عزاداروں کی سہولت اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام محکمے متحرک ہیں۔ شدید گرمی کے پیش نظرمرکزی جلوسوں کے راستوں پرپانی کا چھڑکاؤ، فسیلیٹیشن کیمپس اور کلینک آن ویلز قائم کیے جائیں گے جبکہ سبیلوں کے قیام کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ زائرین اور عزاداروں کی سہولت کیلئے ملتان ڈویژن میں 14 مستقل سبیل پوائنٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔عامر کریم خان نے واضح کیا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی جبکہ نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نےمتعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں سے لٹکتی بجلی کی تاریں، خراب ٹرانسفارمرز اور کھلے مین ہولز فوری طور پر ختم کیے جائیں اور تمام جلوسی راستوں پر پیچ ورک اور مرمتی کام محرم الحرام سے قبل مکمل کر لیا جائے۔

آرپی اوعثمان اکرم گوندل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کےپہلے دس روزکے دوران ملتان ڈویژن میں مجمو عی طور پر 907 جلوس اور 3173 مجالس منعقد ہوں گی۔ ان میں 160 اے کیٹیگری، 380 بی کیٹیگری اور 367 سی کیٹیگری کے جلوس شامل ہیں جبکہ 507 اے، 1010 بی اور 1656 سی کیٹیگری کی مجالس منعقد ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ضلع ملتان میں 484 جلوس اور 1533 مجالس منعقد ہوں گی جن کیلئے حساس مقامات پر خصوصی سیکیورٹی تعینات کی جائے گی۔آر پی او کے مطابق محرم الحرام کیلئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے اور ڈویژن بھر میں 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران ڈیوٹی انجام دیں گے۔ سائبر پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنانے، شرپسند عناصر کی نگرانی، نجی ڈرونز کے استعمال پر پابندی اور ہر ضلع و تحصیل میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول رومز کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس میں علمائے کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن، برداشت اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں