آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے عالمی معیار کی کمنٹری ٹیم کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے عالمی معیار کی کمنٹری ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس میں پاکستان کی سابق کپتان اور خواتین کرکٹ کی ممتاز شخصیت ثنا میر بھی شامل ہیں۔

لاہور۔8جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے عالمی معیار کی کمنٹری ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس میں پاکستان کی سابق کپتان اور خواتین کرکٹ کی ممتاز شخصیت ثنا میر بھی شامل ہیں۔ ثنا میر کی شمولیت نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی خواتین کرکٹ کے لیے ایک اہم اعزاز سمجھی جا رہی ہے۔آئی سی سی کے اعلان کے مطابق ٹورنامنٹ 12 جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگا اور 5 جولائی کو لارڈز میں فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ ایونٹ کے تمام 33 میچوں کے دوران دنیا بھر کے معروف سابق کھلاڑی، کپتان اور براڈکاسٹرز اپنی خدمات انجام دیں گے۔کمنٹری پینل میں آسٹریلیا کی میل جونز، جولیا پرائس، انگلینڈ کی عیسی گوہا، ایبونی رینفورڈ برینٹ، بھارت کی متھالی راج اور انجم چوپڑا، نیوزی لینڈ کی کیٹی مارٹن، ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھویٹ اور انگلینڈ کے ناصر حسین سمیت کئی نامور شخصیات شامل ہیں، تاہم پاکستانی شائقین کے لیے سب سے بڑی توجہ ثنا میر کی موجودگی ہے۔ثنا میر پاکستان ویمنز کرکٹ کی تاریخ کی کامیاب ترین کپتانوں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے نہ صرف قومی ٹیم کی طویل عرصے تک قیادت کی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خواتین کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ اب وہ اپنی مہارت، تجربے اور کھیل کے گہرے فہم کے ذریعے عالمی ناظرین کو ٹورنامنٹ کے دوران بہترین تجزیہ فراہم کریں گی۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس کمنٹری ٹیم میں شامل شخصیات کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹس کا تجربہ رکھتی ہیں اور وہ شائقین کو میچز کے دوران اعلی معیار کی کوریج، تجزیے اور دلچسپ کہانیاں فراہم کریں گی۔ ثنا میر کی شمولیت اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین کرکٹ عالمی سطح پر اپنی مضبوط شناخت قائم کر چکی ہے۔یہ ٹورنامنٹ دنیا بھر کی بہترین خواتین کرکٹرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا جبکہ ثنا میر سمیت تجربہ کار کمنٹیٹرز شائقین کو کھیل کے ہر اہم لمحے سے جوڑے رکھیں گے۔

مزید خبریں