صحبت پور،اسسٹنٹ کمشنر کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس

اسسٹنٹ کمشنر صحبت پور سیف الدین کھوسہ کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا

ڈیرہ مراد جمالی۔ 08 جون (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر صحبت پور سیف الدین کھوسہ کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میونسپل کمیٹی کے افسران، بازار یونین، سبزی و فروٹ فروشوں، پرچون فروشوں، قصابوں اور دودھ فروشوں سمیت مختلف تاجر نمائندوں نے شرکت کی اجلاس کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روزمرہ استعمال کی تمام اشیائے ضروریہ کے سرکاری نرخ مقرر کیے گئے اور دکانداروں کو ان پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سیف الدین کھوسہ نے کہا کہ عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی دکاندار سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرتے ہوئے اشیاء فروخت کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے میونسپل کمیٹی اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ بازاروں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس کے شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے عوامی مفاد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی

مزید خبریں