مسجد نبوی ﷺ کے بیرونی گیٹس کی نئی گائیڈ لائن جاری، تاریخی مقامات، کھجور مارکیٹ اور ٹرانسپورٹ کے آسان راستے سامنے آ گئے

اکستان سمیت دنیا بھر سے مدینہ منورہ آنے والے حج اور عمرہ زائرین کرام کی سہولت کے لیے مسجد نبوی ﷺ کے بیرونی صحنوں کے کلیدی گیٹ نمبرز، ان سے متصل تاریخی و اسلامی مقامات اور بڑے تجارتی و سفری مراکز کی تفصیلات پر مبنی خصوصی گائیڈ لائن جاری کر دی گئی ہے۔

مدینہ منورہ۔10جون (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر سے مدینہ منورہ آنے والے حج اور عمرہ زائرین کرام کی سہولت کے لیے مسجد نبوی ﷺ کے بیرونی صحنوں کے کلیدی گیٹ نمبرز، ان سے متصل تاریخی و اسلامی مقامات اور بڑے تجارتی و سفری مراکز کی تفصیلات پر مبنی خصوصی گائیڈ لائن جاری کر دی گئی ہے۔ جس کا مقصد زائرین کو مدینہ منورہ میں قیام کے دوران راستوں کی آسانی سے پہچان، عبادات اور خریداری میں معاونت فراہم کرنا ہے۔مسجد نبوی ﷺ کے بیرونی صحنوں میں بعض ایسے دروازے ہیں جو زائرین کو براہ راست عظیم اسلامی تاریخ اور مقدس مساجد کی طرف لے جاتے ہیں جیسا کہ گیٹ نمبر 310 ہے ، یہ گیٹ اسلامی نکتہ نظر اور زیارات کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اس دروازے سے باہر نکلتے ہی تاریخی مسجد غمامہ (جہاں حضور اکرم ﷺ نے نماز استسقاء اور عیدین کی نمازیں پڑھائیں) اور مسجد ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ واقع ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں آب زم زم کی تقسیم کا بڑا پوائنٹ بھی موجود ہے۔ اسی طرح گیٹ نمبر 304 اور 305 مشہور الصافیہ میوزیم (As-Safiyyah Museum) کی طرف لے جاتے ہیں جہاں اسلامی تاریخ اور مدینہ منورہ کی ثقافت کو جدید ڈیجیٹل انداز میں پیش کیا گیا ہے۔گیٹ نمبر 328 ان زائرین کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے جو تلاوت اور ہدیہ کے خواہش مند ہیں۔ یہاں مفت قرآن کریم کی تقسیم کا مرکز واقع ہے جہاں سے زائرین کو مستند نسخے فراہم کیے جاتے ہیں۔مدینہ منورہ سے سوغات، کپڑے اور تحائف خریدنے کے لیے مسجد نبوی کے اطراف میں موجود تجارتی مراکز بھی ہیں ۔

گیٹ 330 خریداری کا بنیادی مرکز مانا جاتا ہے۔ یہاں سے زائرین پاکستان اور دنیا بھر میں مشہور سپر مارکیٹ چین تک پہنچ سکتے ہیں جہاں روزمرہ کی ضرورت کا ہر سامان دستیاب ہے۔ اسی کے ساتھ سوینیر مارکیٹ (تحائف کی مارکیٹ) ہے جہاں سے زائرین اپنے پیاروں کے لیے تسبیح، جائے نماز، عطر اور دیگر یادگاری چیزیں مناسب قیمت پر خرید سکتے ہیں۔ گیٹ 304-305 مدینہ منورہ کی سب سے بڑی سوغات کھجور مارکیٹ تک لیکر جاتے ہیں ۔ الصافیہ ہیلتھ سینٹر کے قریب واقع ان گیٹس کے سامنےکھجور مارکیٹ موجود ہے جہاں عجوہ، امبر، صفاوی اور دیگر اعلیٰ کوالٹی کی کھجوریں ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں پر دستیاب ہے ۔ گیٹ 333 اور 338 براہ راست مدینہ منورہ کے مرکزی کاروباری علاقے اور طیبہ کمرشل سینٹر کی طرف کھلتے ہیں۔ یہ علاقہ کپڑوں، عبایوں، گھڑیوں اور زیورات کی دکانوں کے لیے مشہور ہے جہاں زائرین آسانی سے پیدل جا سکتے ہیں۔گیٹ 340 ان زائرین کے لیے مخصوص ہے جو خریداری کے ساتھ کھانے پینے کی سہولیات چاہتے ہیں۔

یہاں بین الاقوامی اور مقامی فوڈ مارکیٹس اور کیفیز کی وسیع رینج موجود ہے۔زائرین کی نقل و حمل اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے گیٹ 333 ہے ، یہ مسجد نبوی کا سب سے بڑا سفری پوائنٹ ہے۔ یہاں آن لائن کمرشل ٹرانسپورٹ کا پک اپ پوائنٹ ہے ۔ مقامی آمد و رفت کے لیے مدینہ بس سروس کا سٹیشن اور بائیسکل پارکنگ موجود ہے۔ سب سے بڑھ کر، بزرگ اور معذور زائرین کے لیے الیکٹرک بگی سٹیشن بھی اسی گیٹ پر ہے جو انہیں صحنوں میں منتقل کرنے کی سہولت دیتا ہے۔

گیٹ 304-305 دوران حج یا عمرہ کسی بھی اچانک طبعی خرابی کی صورت میں ان گیٹس کے بالکل سامنے الصافیہ ہیلتھ سینٹر تک لیکر جاتے ہیں جہاں زائرین کو فوری اور مفت طبی امداد فراہم کی جاتی ہے۔مسجد نبوی انتظامیہ نے زائرینِ کو تاکید کی گئی ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کے اندر داخل ہوتے وقت اپنے قریبی بیرونی گیٹ نمبر کی موبائل فون سے تصویر لازمی لے لیں۔ نمازوں کے بعد لاکھوں کے مجمعے میں راستہ بھول جانے کی صورت میں یہ تصویر آپ کو اپنے ہوٹل کی سمت تلاش کرنے اور ساتھیوں سے دوبارہ ملنے میں سب سے بہترین مددگار ثابت ہوگی۔