اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار نے سب ڈویژن صدر کا اضافی چارج سنبھالتے ہی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ بدھ کے روز انہوں نے بتایا کہ پہلے ہی روز مختلف علاقوں میں 6 آپریشنز کے دوران 200 دکانوں کو سیل کیا گیا۔
صدر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، 200 دکانیں سیل
کراچی۔10جون (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار نے سب ڈویژن صدر کا اضافی چارج سنبھالتے ہی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ بدھ کے روز انہوں نے بتایا کہ پہلے ہی روز مختلف علاقوں میں 6 آپریشنز کے دوران 200 دکانوں کو سیل کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق ایمپریس مارکیٹ، داؤد پوتہ روڈ، مینتھول اسٹریٹ، پریڈی اسٹریٹ، راجہ غضنفر روڈ اور نجمی مارکیٹ میں انسداد تجاوزات مہم چلائی گئی۔ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا جبکہ غیر قانونی شیڈز مسمار اور فٹ پاتھوں پر رکھا گیا سامان ضبط کر لیا گیا ۔ حاظم بھنگوار نے کہا کہ آپریشن میں ٹاؤن کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے بھی حصہ لیا اور مختلف مقامات پر سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرام باغ اور صدر ایک دوسرے سے متصل علاقے ہیں، اس لیے دونوں سب ڈویژنز میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر اور کشادہ گزرگاہیں فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی راستوں اور فٹ پاتھوں پر قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔









