کمشنر بہاولپور کی زیر صدارت ترقیاتی امور کا جائزہ اجلاس منعقد

کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ترقیاتی امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا

بھاول پور۔ 10 جون (اے پی پی):کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ترقیاتی امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سرکاری عمارتوں کی بہتری اور ریکارڈ کے محفوظ انتظامات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ ڈویژن کے محافظ خانہ (ریکارڈ روم) کو ازسرنو تعمیر کیا جائے اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ سرکاری ریکارڈ کو محفوظ اور منظم انداز میں محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ریکارڈ قومی اثاثہ ہے اور اس کے تحفظ کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نئے محافظ خانہ کی تعمیر کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے اور اس میں جدید ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، مناسب اسٹوریج، آگ سے تحفظ، نمی اور دیگر موسمی اثرات سے بچاؤ سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ اہم سرکاری دستاویزات طویل عرصے تک محفوظ رہ سکیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ محافظ خانہ اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی آفس سے ملحقہ ایک پرانی اور خستہ حال عمارت میں قائم ہے جو جدید تقاضوں کو پورا نہیں کرتی۔ اس صورتحال کے پیش نظر نئی عمارت کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ سرکاری ریکارڈ کے تحفظ اور بہتر انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شگفتہ جبیں، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عصمت اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل وقاص محمد دین سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔