خیبر پختونخواکے وزیر برائے مواصلات وتعمیرات شکیل احمد خان کی زیر صدارت بدھ کے روز پشاور کےحلقہ پی کے تین میں مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا۔
خیبر پختونخواکے وزیر برائے مواصلات وتعمیرات کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد
پشاور۔ 10 جون (اے پی پی):خیبر پختونخواکے وزیر برائے مواصلات وتعمیرات شکیل احمد خان کی زیر صدارت بدھ کے روز پشاور کےحلقہ پی کے تین میں مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا۔
تر جمان محکمہ مواصلات و تعمیرات خیبرپختونخوا کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نور الامین چیف انجینئر مواصلات و تعمیرات اسد خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیف انجینئر نے پی کے تین میں مواصلات و تعمیرات کے زیر انتظام عوامی منصوبوں پر بریفنگ دی اور زیر تعمیر نئے عوامی منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مواصلات و تعمیرات کے زیر اہتمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں اور عوامی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے ہر 15 دن میں جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں ایک عوامی شکایات سیل قائم کر رہی ہے جس کو باقاعدہ طور پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے کمپلینٹ سیل کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔









