سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ لٹریری آرٹ اینڈ کلچر فورم نے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے تعائون سے نوجوانوں کیلئے ایک شاندار بزمِ شعر و سخن کا انعقاد
سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا نوجوانوں کیلئے ایک شاندار بزمِ شعر و سخن کا انعقاد

مزید خبریں
کراچی۔ 11 جون (اے پی پی):سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ لٹریری آرٹ اینڈ کلچر فورم نے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے تعائون سے نوجوانوں کیلئے ایک شاندار بزمِ شعر و سخن کا انعقاد کیا جس میں معروف شعراء کے علاوہ نوجوان طلباء و طالبات نے بھی اپنا کلا م پیش کیا۔
جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق صدرِ محفل، سرسیدیونیورسٹی کے چانسلرمحمد اکبر علی خان نے مشاعرے میں پیش کی گئی تخلیقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادبی محفلیں سماجی تہذیب و ثقافت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ محفلیں نوجوانوں کو ایک ایسا موثر اور وسیع پلیٹ فارم مہیا کرتی ہیں جہاں وہ مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا شعری اظہار کرسکتے ہیں،مجھے خوشی ہے کہ آج کی اس محفل میں شعرا ء نے بہت خوبصورت کلا م پیش کیا اورہمیں دل کو مسحور کردینے والی شاعری سننے کا موقع ملا۔انہوںنے کہاکہ یہ یوتھ مشاعرہ نہ صرف شاعری کی خوبصورتی کا مظہر تھا بلکہ اس نے نوجوانوں کو اپنے تخلیقی اظہار کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم بھی فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ ادبی سرگرمیاں طلبہ کی ذہنی نشوونما اور معاشرتی شعور کو فروغ دیتی ہیں اور ادبی تقریبات کا انعقاد ہوتے رہنا چاہئے تاکہ ایک صحت مند، مثبت اور روشن خیال معاشرہ تشکیل پاسکے۔اس موقع پرعلیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جعفر نذیر عثمانی نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ غیرنصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے باوجود اپنی تعلیم اور پیشہ ورانہ کیریئر کو ترجیح دیں۔مشاعرہ میںمعروف شاعر و اینکر وجیہہ ثانی سمیت نعیم سمیر، ابراہیم خلیل، ڈاکٹر ولیج حیدر اور رخشندہ خان شامل تھے۔اس موقع پر اسٹوڈنٹس افیئرز کے ڈائریکٹر حسن ذکی نے اردو کے ممتاز شعرا ء کے چند منتخب اشعار سنا کربے پناہ داد وصول کی۔لٹریری آرٹ اینڈ کلچر فورم کے کنوینر طارق سبزواری نے اس موقع پرنوجوان شعرا ء کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان شعرا ء کی شاعری حقیقت سے قریب تر اور بہت متاثر کن ہے،ان کا اسلوب، خیال اور تخلیقی اظہار قابلِ ستائش ہے۔







