فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام 23 ویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل ہفتہ کو مزید چار میچ کھیلے جائیں گے۔
23ویں عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگا

مزید خبریں
واشنگٹن۔12جون (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام 23 ویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل ہفتہ کو مزید چار میچ کھیلے جائیں گے۔ ای ایس پی این کے مطابق فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ تین ممالک امریکا،کینیڈا اور میکسیکو میں سج چکا ہے جس میں اس مرتبہ میگا ٹورنامنٹ کا فارمیٹ تبدیل کر کے ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48 کر دی گئی ہے جو ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہوں گی ۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل کھیلے جانے والے پہلے میچ میں گروپ بی کی ٹیمیں قطر اور سویٹزرلینڈلیوی کا سٹیڈیم، سانتا کلارا امریکا میں آمنے سامنے ہوں گی، دوسرا میچ گروپ سی کی ٹیموں برازیل اور مراکش کے درمیان میٹ لائف سٹیڈیم، ایسٹ رودر فورڈ ،امریکا میں کھیلا جائے گا، تیسرے میچ میں گروپ سی کی ٹیمیں ہیٹی اورسکاٹ لینڈ جیلیٹ سٹیڈیم، فاکسبورو امریکا میں نبرد آزما ہوں گی جبکہ اسی روز کے چوتھے میچ میں گروپ ڈی کی ٹیمیں آسٹریلیا اورترکیہ بی سی پلیس، وینکوور کینیڈا میں پنجہ آزمائی کریں گی۔ ارجنٹائن کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
میگا ایونٹ میں شامل 48 ٹیموں میں میزبان ملک میکسیکو ،جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا ، جمہوریہ چیک ، میزبان کینیڈا ، بوسنیا ہرزیگووینا، قطر ، سوئٹزرلینڈ میزبان امریکہ ،پیراگوئے، آسٹریلیا ،ترکیہ ، دفاعی چیمپئن ارجنٹائن ، الجزائر، آسٹریا ، اردن ، برازیل ،مراکش، ہیٹی ، سکاٹ لینڈ ، فرانس ، سینیگال، عراق ، ناروے ،جرمنی ، کوراساؤ، آئیوری کوسٹ ، ایکواڈور ، انگلینڈ، کروشیا، گھانا ، پاناما ،پرتگال ، ڈی آر کانگو، ازبکستان ، کولمبیا ، بیلجیم، مصر، ایران ، نیوزی لینڈ ، نیدرلینڈز، جاپان، تیونس ، سویڈن ،سپین، کیپ ورڈے، سعودی عرب اور یوراگوئے شامل ہیں۔ ان 48 ٹیموں کو 4 کے حساب سے 12 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ میگا ایونٹ کا ٹاپ 32 رائونڈ 28 جون سے شروع ہوکر 3جولائی کو ختم ہوگا،اسی طرح میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 4سے 7جولائی تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنل مرحلہ 9سے 11جولائی تک کھیلا جائے گا، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 14 جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 15جولائی کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 18 جولائی جبکہ فائنل میچ 19 جولائی کو میٹ لائف سٹیڈیم، ایسٹ رودر فورڈ،امریکا میں کھیلا جائے گا۔








