آر پی او بنوں ریجن کا تھانہ سٹی بنوں کا دورہ، سکیورٹی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ

ریجنل پولیس آفیسر بنوں ریجن ربنواز خان نے جمعہ کو تھانہ سٹی بنوں کا دورہ کیا۔تر جمان بنوں پولیس کے مطابق دورے میں انہوں نے سکیورٹی، انتظامی امور اور تھانے کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر بنوں ریجن ربنواز خان نے جمعہ کو تھانہ سٹی بنوں کا دورہ کیا۔تر جمان بنوں پولیس کے مطابق دورے میں انہوں نے سکیورٹی، انتظامی امور اور تھانے کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران آر پی او نے تھانے کا ریکارڈ چیک کیا اور مختلف رجسٹرز، مقدمات اور دفتری امور کا معائنہ کرتے ہوئے ریکارڈ کو مکمل اور اپ ٹو ڈیٹ رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تھانے کی عمارت، مختلف شعبہ جات اور دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔آر پی او ربنواز خان نے حوالات میں موجود ملزمان سے ملاقات کی، ان سے ان کے مسائل دریافت کیے اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک، قانونی حقوق اور سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیر حراست افراد کے قانونی و انسانی حقوق کا ہر صورت خیال رکھا جائے۔اس موقع پر آر پی او نے پولیس جوانوں سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔ انہوں نے جوانوں کو موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں الرٹ رہنے، مؤثر گشت، ناکہ بندیوں اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔آر پی او بنوں ریجن نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، قانون کی بالادستی اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔